ابوظبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں بیلسٹک میزائل کے ملبے کے گرنے سے ایک پاکستانی شہری سمیت مزید دو افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، جبکہ کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق اماراتی فضائی دفاعی نظام نے آنے والے بیلسٹک میزائل کو فضا میں ہی تباہ کر دیا تھا، تاہم اس کا ملبہ ابوظبی کے علاقے سویجان میں جا گرا جس کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان ہوا۔ حادثے میں متعدد گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
امارات میں پاکستانی سفارتخانے نے بھی اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں ایک پاکستانی شہری شامل ہے۔
سفارتخانے کی جانب سے متاثرہ خاندان سے اظہارِ تعزیت کیا گیا ہے اور یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ میت کو جلد پاکستان منتقل کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
حکام کے مطابق اس واقعے میں کم از کم تین افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔
حالیہ کشیدگی کے دوران امارات میں ایرانی حملوں کے نتیجے میں اب تک مجموعی طور پر 8 غیر ملکی شہری جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اگرچہ فضائی دفاعی نظام میزائل حملوں کو بڑی حد تک ناکام بنا رہا ہے، تاہم ملبہ گرنے جیسے واقعات شہری علاقوں کے لیے خطرہ بن رہے ہیں، جس سے خطے میں سکیورٹی خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔