ایران امریکہ جنگ میں ثالثی کا کردار ہی پاکستان کی فتح ہے، یوسف رضا گیلانی

تمام سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھی ہو جائیں اور پوائنٹ اسکورنگ نہ کریں، چیئرمین سینیٹ


ویب ڈیسک March 27, 2026

لاہور:

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ ایران امریکہ جنگ میں ثالثی کا کردار ہی پاکستان کی فتح ہے۔

ایکسپو سینٹر لاہور میں گیارہویں سہ روزہ پاکستان فٹ وئیر میٹریل اینڈ مشینری شو 2026ء کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھی ہو جائیں اور پوائنٹ اسکورنگ نہ کریں۔

یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو ملک کی خودمختاری، سالمیت، جمہوریت اور معیثیت کے لیے ایک ہونا ہوگا، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ایران امریکہ کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنا پاکستان کی فتح ہے، اس وقت دنیا کی نظریں پاکستان پر ہیں۔

 ان کا کہنا تھا کہ دعا ہے کہ پاکستان، امریکہ اور ایران کے درمیان صلح کرانے میں کامیاب ہوجائے، ایک سوال کے جواب میں یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو رہا کرنے کے معاملات کا تعلق عدلیہ سے ہے، اس وقت تمام سیاسی جماعتوں کو پوائنٹ اسکورنگ نہیں کرنی چاہئے، پوری قوم متحد ہوکر معاشی صورتحال کا مقابلہ کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت جنگ میں ایٹمی ملک ہونے کے باوجود پاکستان نے ذمہ داری کا ثبوت دیا، چیئرمین سینیٹ کیلئے نو کروڑ روپے کی لگژری گاڑی کی خریداری کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ گاڑی قانون کے مطابق خریدی گئی، چئیرمین سینٹ کیلئے گاڑی کی خریداری کا پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے یہ گاڑی اپوزیشن لیڈر کےلیے خریدی گئی ہے۔