لاہور: پاکستان کی معروف کھاد بنانے والی کمپنی فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ پاکستان سپر لیگ 11 (HBL-11PSL) میں ملتان سلطانز کی ٹائٹل اسپانسر بن گئی ہے۔ اس سلسلے میں مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط پرل کانٹی نینٹل ہوٹل لاہور میں ایک تقریب کے دوران کیے گئے۔
ٹائٹل اسپانسر کے طور پر فاطمہ فرٹیلائزر کا لوگو ملتان سلطانز کی جرسی کے پیچھے نمایاں طور پر نظر آئے گا، جو پاکستان کی مقبول ترین کرکٹ لیگ کے ساتھ کمپنی کے عزم کی علامت ہے۔
اس معاہدے پر فاطمہ فرٹیلائزر کی ڈائریکٹر مارکیٹنگ اینڈ سیلز، رابیل سدوزئی، اور ملتان سلطانز کے سی ای او، گوہر شاہ نے دستخط کیے۔
یہ اسپانسرشپ فاطمہ فرٹیلائزر کے لیے ایک خاص اہمیت رکھتی ہے کیونکہ اس کی جڑیں جنوبی پنجاب میں ہیں، جو ملتان سلطانز کی نمائندگی بھی کرتا ہے۔ یہ محض تشہیری سرگرمی نہیں بلکہ اس خطے کے ساتھ مضبوط رشتہ اور اپنائیت کی علامت ہے۔
فاطمہ فرٹیلائزر طویل عرصے سے کسانوں کے ساتھ بھرپور تعاون کرتی آ رہی ہے۔ اس شراکت داری کو اپنے مشن کا تسلسل سمجھتی ہے۔ کمپنی کے مطابق کرکٹ پاکستان میں اتحاد اور جذبے کی ایک بڑی علامت ہے، جسے ملتان سلطانز بہترین انداز میں پیش کرتی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فاطمہ فرٹیلائزر کی ڈائریکٹر مارکیٹنگ اینڈ سیلز، مس رابیل سدوزئی نے کہا کہ ’’کرکٹ محنت اور ترقی کے اس جذبے کی عکاسی کرتی ہے جسے ہم بہت اہمیت دیتے ہیں۔ ہمیں خوشی ہے کہ ہم ملتان سلطانز کے ساتھ ٹائٹل اسپانسر کے طور پر اپنی شراکت داری جاری رکھے ہوئے ہیں، اور اس کے ساتھ ہم آٹھویں سال میں داخل ہو رہے ہیں۔ یہ تعلق باہمی اعتماد اور مشترکہ وژن پر قائم ہے‘‘۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ایک پلانٹ پاک عرب ملتان میں واقع ہے، اسی وجہ سے ملتان سلطانز کے ساتھ ہمارا تعلق بہت مضبوط ہے اور یہ شراکت داری فطری طور پر بالکل درست محسوس ہوتی ہے۔ یہ دیرینہ تعلق اعتماد اور مشترکہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ صرف اسپانسرشپ نہیں بلکہ پاکستان بھر کے لاکھوں کرکٹ شائقین کے ساتھ ہمارا عزم ہے کہ ہم کھیل کے ہر لمحے میں ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے ملتان سلطانز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، گوہر شاہ نے کہا کہ ’’فاطمہ فرٹیلائزر ملتان سلطانز کا اہم حصہ ہے۔ وہ ہر مشکل اور آسان وقت میں ہمارے ساتھ رہے ہیں، اور اب ان کا لوگو ہماری جرسی پر ہونا ایک خوش آئند لمحہ ہے‘‘۔
انہوں نے کہا کہ ’’یہ ہماری پارٹنرشپ کا آٹھواں سال ہے۔ ایک مضبوط اسپورٹس ٹیم بنانے کے لیے وفادار اور دور اندیش پارٹنرز ضروری ہوتے ہیں، اور فاطمہ فرٹیلائزر ہماری کارکردگی اور معیار کو اچھی طرح سمجھتی ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ ہم یہ سفر ایک ساتھ جاری رکھے ہوئے ہیں۔‘‘
یہ شراکت داری فاطمہ فرٹیلائزر کے اس وژن کے مطابق ہے جس کا مقصد ملک بھر میں ایسے پلیٹ فارمز کی حمایت کرنا ہے جو اتحاد، جذبے اور بہترین کارکردگی کو فروغ دیں