وزیراعظم کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد ہونے کے بعد پیٹرولیم ڈویژن نے نوٹی فکیشن جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے اعلان کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھے جانے کے فیصلے کے بعد پیٹرولیم ڈویژن نے نوٹی فکیشن جاری کردیا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق اگلے ایک ہفتے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 335 روپے 86 پیسے فی لیٹر جبکہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 321 روپے 17 پیسے کی سطح پر برقرار رہے گی۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ حکومت او ایم سیز کو قیمتوں کے فرق کی ادائیگی کرے گی جبکہ عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافے کا بوجھ بھی حکومت برداشت کرے گی۔
قبل ازیں وزیراعظم نے قوم سے خطاب میں بتایا تھا کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 95 اور ڈیزل 203 روپے بڑھانے کی سمری موصول ہوئی تھی جسے عوام کی پریشانی کو دیکھتے ہوئے مسترد اور قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا تھا کہ قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرنے کے بعد اس کا حجم 56 ارب روپے بنتا ہے اور حکومت یہ اضافی بوجھ خود اٹھائے گی۔
وزیراعظم نے بتایا تھا کہ عالمی منڈی کے حساب سے پاکستان میں پیٹرول 544 روپے فی لیٹر ہونا چاہیے تھا مگر 322 روپے میں دیا جارہا ہے، ڈیزل کی قیمت آج کے دن 790 روپے فی لیٹر ہوتی مگر حکومت نے ریلیف دیا اور 335 روپے میں فراہم کررہی ہے۔