موٹر سائیکل کی ڈیمانڈ پوری نہ ہونے پر سسرالیوں نے دو بہنوں کو بیہمانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا

بچے کی پیدائش کے بعد شوہروں نے 125 موٹر سائیکل کا مطالبہ شروع کردیا


ویب ڈیسک March 28, 2026

شجاع آباد کے علاقے چھچوشاہ میں سسرالیوں کی جانب سے دو بہنوں پر مبینہ بہیمانہ تشدد کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں 125 موٹر سائیکل کی ڈیمانڈ پوری نہ ہونے پر دونوں بہنوں کو سسرالیوں نے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

متاثرہ خاتون شہناز کے مطابق، ان کے سسرال شادی کے بعد سے مسلسل مزید جہیز کا مطالبہ کر رہے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ بچے کی پیدائش کے بعد شوہروں نے 125 موٹر سائیکل کا مطالبہ شروع کردیا اور مطالبہ پورا نہ ہونے پر انہیں اور ان کی بہن انعم کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔

شہناز نے الزام عائد کیا کہ والد کے انتقال کے بعد ان پر ظلم و ستم میں مزید اضافہ ہوگیا جبکہ شادی کے وقت والدین پہلے ہی خاطر خواہ جہیز دے چکے تھے، اس کے باوجود سسرالیوں کی جانب سے مزید مطالبات کیے جاتے رہے۔

انہوں نے بتایا کہ حالیہ تشدد میں ان کی بہن انعم کو شدید زخمی کیا گیا جس کے ناک، سر اور چہرے پر تشدد کے واضح نشانات موجود ہیں۔ زخمی انعم کو تشویشناک حالت میں سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

متاثرہ خواتین نے ساس، شوہر اور دیوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

دوسری جانب پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔