ایران-اسرائیل جنگ کے تناظر میں اقوام متحدہ کا پاکستان کی سفارتکاری پر مکمل اعتماد کا اظہار

اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک گفتگو میں اقوام متحدہ کے سربراہ نے امن و استحکام کیلیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو اہم قرار دیا


ویب ڈیسک March 28, 2026

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ایران پر امریکی و اسرائیلی جنگ کے تناظر میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے مکمل حمایت کا اظہار کیا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران اقوام متحدہ کے سربراہ نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی جاری سفارتکاری کو اہم قرار دیا اور اس کی بھرپور تائید کی۔

اس موقع پر اسحاق ڈار نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال اور عالمی امن پر اس کے اثرات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مسائل کے حل کے لیے سفارتکاری اور مکالمے کو واحد راستہ سمجھتا ہے۔

وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ اقوام متحدہ تنازعات کی روک تھام اور حل میں ایک ناگزیر کردار رکھتی ہے، جبکہ پاکستان پائیدار امن کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔

دوسری جانب پاکستان نے خطے میں بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر اپنی سفارتی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں، اسحاق ڈار نے مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ سے بھی رابطے کیے اس سلسلے میں 30 مارچ کو اسلام آباد میں اہم سفارتی اجلاس منعقد کیا جارہا ہے جس میں ترکیہ ، مصر اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان حالیہ ایران-اسرائیل و امریکا جنگ میں ایک ممکنہ ثالث کے طور پر ابھر رہا ہے اور مختلف ممالک کے ساتھ رابطوں کے ذریعے کشیدگی کم کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔