بالی ووڈ اداکارہ صبا آزاد خطرناک انفیکشن کا شکار، اسپتال منتقل

اداکارہ نے بتایا کہ اس مشکل وقت میں اداکار ریتھک روشن ان کا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں


ویب ڈیسک March 28, 2026

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ صبا آزاد کی طبیعت اچانک خراب ہونے کے بعد انہیں اسپتال میں داخل کردیا گیا ہے، جہاں وہ ایک انفیکشن کے باعث زیرِ علاج ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ کو Cyclospora cayetanensis نامی انفیکشن لاحق ہوا ہے، جس کے بعد ان کی حالت بگڑنے پر انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ صبا آزاد نے خود بھی سوشل میڈیا کے ذریعے اپنی صحت سے متعلق آگاہ کیا اور اسپتال سے اپنی تصویر شیئر کی۔

اداکارہ نے بتایا کہ اس مشکل وقت میں اداکار ریتھک روشن ان کا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں اور ان کی دیکھ بھال کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ بیماری کے باعث صرف دو ہفتوں میں ان کا تقریباً چار کلو وزن کم ہو چکا ہے۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

صبا آزاد کے مطابق وہ عام طور پر گھر کا کھانا کھاتی ہیں اور باہر کا پانی پینے سے گریز کرتی ہیں، تاہم اس کے باوجود وہ اس انفیکشن کا شکار ہو گئیں، جس نے انہیں حیران کر دیا۔

انہوں نے اپنے مداحوں کو مشورہ دیا کہ پھلوں اور سبزیوں کو اچھی طرح دھو کر استعمال کریں تاکہ اس طرح کے انفیکشن سے بچا جا سکے۔ رپورٹس کے مطابق اداکارہ کی حالت اب بہتر ہو رہی ہے تاہم وہ تاحال طبی نگرانی میں ہیں۔