عالمی ادارۂ صحت کے ڈائریکٹر جنرل نے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ادھانوم گیبریئسس نے بتایا کہ لبنان میں اسرائیلی حملوں میں کم از کم 9 پیرامیڈکس ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی ادارۂ صحت کے ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ یہ حملے جنوبی لبنان کے مختلف دیہات میں اس وقت کیے گئے جب ایمرجنسی ٹیمیں اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہی تھیں۔
عالمی ادارۂ صحت کے ڈائریکٹر کا مزید کہنا تھا کہ ان حملوں کے باعث جنوبی لبنان میں صحت کی سہولیات شدید متاثر ہو رہی ہیں۔ اب تک 4 اسپتال اور 50 سے زائد بنیادی صحت کے مراکز بند ہوچکے ہیں اور کئی مراکز کو نقصان پہنچنے کے باعث محدود سطح پر کام کرنا پڑ رہا ہے۔
لبنان کی وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق صرف مارچ میں اب تک 51 طبی کارکن ہلاک اور 120 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
لبنان کے وزیر صحت ڈاکٹر رکان ناصر الدین نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اب تک صحت کے شعبے پر کم از کم 75 حملے ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔
انھوں نے ان الزامات کو مسترد کیا کہ طبی مراکز کو عسکری مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا اور واضح کیا کہ متاثرہ عمارتیں بنیادی صحت کے مراکز اور امدادی گاڑیاں تھیں۔