ایران؛ سیکیورٹی فورسز پر حملہ کرنے کے الزام میں ایک اور شخص کو پھانسی

گزشتہ برس حکومت مخالف مظاہروں کے دوران گرفتار ہونے والوں کو پھانسی دینے کا سلسلہ جاری ہے


ویب ڈیسک May 12, 2026

ایران میں ایک اور شخص کو آج تختہ دار پر لٹکا دیا جس کا تعلق حکومت مخالف تنظیم سے بتایا جاتا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی عدلیہ کی ویب سائٹ پر کہا گیا ہے کہ ملزم عبد الجلیل کا تعلق دہشت گرد تنظیم انصار الفرقان سے تھا۔ جسے آج علی الصبح پھانسی دی گئی۔

خیال رہے کہ انصار الفرقان ایک مسلح گروہ ہے جس کا مقصد ایرانی حکومت کا خاتمہ ہے اور گزشتہ کئی برسوں سے اس تنظیم نے سرکاری فورسز کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

ایران کی حکومت انصار الفرقان کو ایک باغی اور دہشت گرد تنظیم قرار دے چکی ہے اور اس کے خلاف سیکیورٹی آپریشنز بھی جاری ہیں۔

ایرانی عدلیہ کی ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق ملزم عبد الجلیل شہہ ‌بخش کو ملک کے مشرق میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔

اس پر الزام تھا کہ 6 سال قبل وہ فوجی تربیت حاصل کرنے ہمسائیہ ملک بھی گیا تھا۔ عبدالجلیل پر مختلف عدالتوں میں کیسز چلائے گئے اور سپریم کورٹ نے بھی سزائے موت برقرار رکھی تھی۔

جس پر آج عمل درآمد کردیا گیا۔ عدلیہ نے کہا کہ ملزم کو تمام تر قانونی سہولیات فراہم کی گئیں اور انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا گیا۔ 

یاد رہے کہ فروری میں اسرائیل اور امریکا کے تین ماہ سے جاری حملوں کے بعد سے ایران میں پھانسیوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔