کراچی ٹارگٹ کلنگ میں سیاسی کارکنوں اور پولیس اہلکار سمیت 7 افراد ہلاک

سعیدآباد میں گھات لگائے ملزمان نے ہیڈ کانسٹیبل عبدالوکیل کونشانہ بنایا،الفلاح میں متحدہ کاکارکن 25سالہ رفیق ماراگیا


Staff Reporter August 18, 2014
حیدری میں اہلسنت والجماعت کاعلاقائی عہدیدارعبدالمنان،حب کینال پرحبیب الرحمن،ناظم آبادمیں17سالہ احمدجاں بحق، 2لاشیں ملیں۔ فوٹو: فائل

شہر میں ٹارگٹ کلنگ اور فائرنگ کے واقعات میں ہیڈکانسٹیبل اورسیاسی کارکنوں سمیت 7افراد ہلاک ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق سعید آباد سیکٹر 12-C میں گھات لگائے ملزمان نے فائرنگ کر کے 40 سالہ ہیڈکانسٹیبل حاجی عبدالوکیل کوہلاک کردیا،شہید ہونیوالا ہیڈ کانسٹیبل پاک کالونی تھانے میں تعینات تھا اور سیکٹر 12-C سعیدآباد بلدیہ ٹائون کا رہائشی تھا،وہ ڈیوٹی ختم کرکے بعد پاک کالونی تھانے سے اپنے گھر جا رہا تھا کہ گھرکے قریب ہی قمیض شلوار میں ملبوس موٹرسائیکل پرسوار2مسلح ملزمان نے اسے نشانہ بنایا۔مقتول اہلکار 3 بیٹیوں کا باپ تھا۔

الفلاح میں نامعلوم افرادکی فائرنگ سے25سالہ رفیق ہلاک ہوگیا، مقتول کو محمد علی سوسائٹی میں واقع خالی پلاٹ پرنامعلوم افراد لائے اورفائرنگ کرکے ہلاک کردیا،مقتول متحدہ قومی موومنٹ کا کارکن اور پیشے کے اعتبار سے پلمبرتھاجبکہ وہ بابا ولایت شاہ مزار کے قریب رہائش پذیر تھا۔حیدری میں صائمہ شاپنگ مال کے قریب نامعلوم افرادکی فائرنگ سے اہلسنت و الجماعت کے 2 علاقائی ذمے دار مفتی عبدالمنان اور مفتی نذیر معاویہ شدیدزخمی ہوگئے جنھیں عباسی شہیداسپتال لے جایا گیاجہاں عبدالمنان دم توڑ گیاجبکہ زخمی کو اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔

اہلسنت والجماعت کے ترجمان کے مطابق عبدالمنان سرجانی ٹائون کے رہائشی تھے جبکہ مفتی نذیر نیوکراچی ٹائون کے ذمے دارتھا۔ناظم آباد4نمبر پر مسجد خیر العمل کے قریب جنرل اسٹور پرمسلح افرادکی فائرنگ سے 17 سالہ محمد احمدہلاک ہوگیا،مقتول مسجدخیر العلم کی کمیٹی کے صدر کا بیٹا ہے۔

منگھو پیر تھانے کی حدودنادرن بائی پاس کے قریب واقع حب کینال کے قریب لوٹ مارکے دوران مزاحمت پرمسلح ملزمان کی فائرنگ سے60سالہ حبیب الرحمٰن ہلاک ہوگیا،مقتول اتحاد ٹائون کا رہائشی تھااور اپنے رشتہ داروں کے ہمراہ پکنک منانے کے لیے حب کینال آیا ہواتھا کہ اسی دوران مسلح ملزمان نے لوٹ مار شروع کردی اور مزاحمت پر فائر نگ کردی۔سعیدآبادیوسف گوٹھ مدینہ مسجدکے قریب 25سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی جسے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا،اطلاع ملنے پرپولیس نے لاش کو تحویل میں لے لیا،مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی۔

لیاقت آبادکے علاقےBایریامحمدی سوئٹ کے قریب33 سالہ فرحان کی لاش ملی جواسرارطورپرہلاک ہوگیا، فرحان جیکب لائن کارہائشی تھا۔پولیس کوشبہ ہے کہ مذکورہ شخص زہریلی دواپینے یاپھردل کادورہ پڑنے سے ہلاک ہوا۔ کورنگی4نمبر پر زمان ٹائون کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نوجوان زخمی ہوگیا، الفلاح چوک پر فائرنگ سے 35 سالہ عظمیٰ زوجہ اسحاق جبکہ نارتھ کراچی میں کریلا اسٹاپ کے قریب 25 سالہ طارق زخمی ہوگیا۔ قائدآبادعوامی کالونی مارکیٹ میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے70 سالہ سعید احمداور35 سالہ محمد حسین کو زخمی کردیا۔الفلاح تھانے کے حدودرفیع بینگلوزمیں واقع مکان نمبرR-235میں نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے22 سالہ سمیع اﷲکو زخمی کردیا۔