شہر میں ہیوی گاڑیوں سے جان لیوا خونی حادثات میں ایک اور شہری زندگی کی بازی ہار گیا۔
تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن میں 22 ویلر ٹریلر نے موٹر سائیکل سوار نوجوان کو کچل کر زندگی سے محروم کر دیا۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اتنا دلخراش تھا کہ متوفی نوجوان کا چہرہ مکمل طور پر کچلا گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر متوفی کی لاش چھیپا کے رضا کاروں کی مدد سے جناح اسپتال منتقل کی جہاں متوفی کی شناخت 16 سالہ شیز ولد ہمایوں کے نام سے کی گئی۔
ایس ایچ او شاہ لطیف ٹاؤن ممتاز مروت نے بتایا کہ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا تاہم پولیس نے ٹریلر اور متوفی کی موٹر سائیکل اپنے قبضے میں لیکر تھانے منتقل کر دی ہے اور اس حوالے سے مزید تحقیقات کا عمل جاری ہے۔