کراچی میں ڈاکو شہری سے 70 لاکھ روپے نقدی چھین کر فرار

آئی جی سندھ کا واردات کا نوٹس، رپورٹ طلب کر کے ملزمان کی گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایت


منور خان April 01, 2026
فوٹو: فائل

شہر قائد کے علاقے کھارادر میں نامعلوم مسلح افراد شہری سے 70 لاکھ روپے چھین پر فرار ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کھارا در میں عتیق کلاتھ مارکیٹ کے قریب تاجر سے نامعلوم افراد 70 لاکھ روپے چھین پر فرار ہوئے جس پر آئی جی سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ساؤتھ سے رپورٹ طلب کرلی۔

ترجمان کے مطابق آئی جی سندھ نے ڈی آئی جی سے واردات کی ابتدائی تحقیقات پر مشتمل رپورٹ مانگی جبکہ واردات کی ہر پہلو سے تحقیقات کرتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔

اس حوالے سے ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سٹی علی حسن نے بتایا کہ پولیس تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے واردات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں کر رہی ہے اور جلد انھیں گرفتار کرلیا جائیگا۔

دوسری جانب ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سٹی کے مطابق محمد فرقان نامی شہری دھاگے کا کاروبار کرتا ہے جو کہ ایک بینک سے 70 لاکھ روپے نکال کر شاپر میں دوسرے بینک میں جمع کرانے جا رہا تھا جس شاپر میں پیسے تھے اس میں سے وہ ظاہر ہو رہے تھے۔

ترجمان کے مطابق فرقان جیسے ہی بینک سے پیسے لیکر باہر نکلا تو 2 موٹر سائیکلوں پر 3 نامعلوم افراد آئے اور فرقان سے پیسے چھین کر فرار گئے۔

 واردات کی اطلاع ملتے ہی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرتے ہوئے واردات کا مختلف پہلوؤں سے جائزہ لے رہی ہے ۔