متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے ایران سے تعلق رکھنے والے افراد کے رہائشی اسٹیٹس سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کر دیا ہے اور انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اماراتی ایئرلائنز ایرانی شہریوں کے لیے انٹری اور ٹرانزٹ پر پابندیاں عائد کر رہی ہیں۔ بعض رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا کہ صرف گولڈن ویزا رکھنے والے ایرانی شہریوں کو ان پابندیوں سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
تاہم اماراتی وزارت خارجہ نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ یو اے ای میں مقیم ایرانی شہریوں کے رہائشی اسٹیٹس سے متعلق تمام دعوے درست نہیں ہیں اور ایسی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں۔
وزارت خارجہ کے مطابق امارات ایرانی کمیونٹی کو اپنے متنوع سماجی ڈھانچے کا ایک اہم اور لازمی حصہ سمجھتا ہے اور ان کے حقوق اور حیثیت کے حوالے سے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں مختلف قومیتوں کے افراد کو مساوی مواقع فراہم کیے جاتے ہیں اور حکومت کی پالیسی بھی اسی اصول پر قائم ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ وضاحت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں کشیدگی کے باعث مختلف افواہیں گردش کر رہی ہیں، اور اس بیان کا مقصد صورتحال کو واضح کرنا اور غیر یقینی کیفیت کو ختم کرنا ہے۔