آصف زرداری، نواز شریف و دیگر کیخلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت بغیر پیش رفت ملتوی

اسپیشل جج ہمایوں دلاور نے کیس کی سماعت 2 جون تک ملتوی کر دی


ویب ڈیسک April 02, 2026

اسلام آباد کی اسپیشل عدالت سینٹرل میں آصف زرداری، نواز شریف و دیگر کے خلاف توشہ خانہ گاڑیوں کے کیس کی سماعت بغیر پیش رفت ملتوی کردی گئی۔ اسپیشل جج ہمایوں دلاور نے کیس کی سماعت 2 جون تک ملتوی کر دی۔

عدالت کو بتایا گیا کہ ایف آئی اے کی جانب سے چالان کے حوالے سے رپورٹ آج بھی جمع نہیں کروائی جا سکی، جس کے باعث سماعت آگے نہ بڑھ سکی۔ نیب عدالت سے ایف آئی اے عدالت منتقل ہونے کے 16 ماہ بعد بھی کیس میں کوئی عملی پیش رفت نہیں ہو سکی۔

ریکارڈ کے مطابق 12 دسمبر 2024 کو نیب کورٹ نے کیس اسپیشل جج سینٹرل کو منتقل کیا تھا، جس کے بعد سے اب تک مجموعی طور پر 17 سماعتیں بغیر پیش رفت ملتوی ہو چکی ہیں۔ جبکہ 2020 سے 2024 تک چار سال کے دوران نیب عدالتوں میں اس کیس کی 60 سماعتیں ہوئیں۔

توشہ خانہ گاڑیوں کا کیس نیب ترامیم کے باعث اسپیشل جج سینٹرل کو منتقل کیا گیا تھا، جبکہ نیب کی جانب سے اس معاملے میں 2020 میں ریفرنس دائر کیا گیا تھا۔