روس نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی پیشکش کر دی

روسی صدر پیوٹن خطے کے مختلف رہنماؤں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے


ویب ڈیسک April 02, 2026

روس نے ایران سے متعلق جاری کشیدگی کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی پیشکش کر دی ہے۔ کریملن کے ترجمان دمتری پاسکوف نے کہا ہے کہ روس اس تنازع کو پرامن راستے پر لانے کے لیے تیار ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ روسی صدر پیوٹن خطے کے مختلف رہنماؤں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے۔

دمتری پاسکوف کا کہنا تھا کہ اگر روس کی خدمات درکار ہوئیں تو ماسکو اس بات کے لیے تیار ہے کہ وہ اپنی کوششوں کے ذریعے موجودہ فوجی کشیدگی کو جلد از جلد پرامن حل کی طرف لے جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ روس کا مقصد خطے میں استحکام قائم کرنا ہے اور اس حوالے سے سفارتی سطح پر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

ماہرین کے مطابق روس کی یہ پیشکش ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں ایران سے متعلق کشیدگی بڑھ رہی ہے اور عالمی طاقتیں اس بحران کو کم کرنے کے لیے مختلف سفارتی راستے تلاش کر رہی ہیں۔