دنیا کا سفر سائیکل پر کرنے والے ایک جرمن شہری کو اسلام آباد پہنچتے ہی چوری کی واردات کا سامنا کرنا پڑا۔
ذرائع کے مطابق جرمنی سے تعلق رکھنے والے سیاح فلپ سیم نے رات گزارنے کے لیے اسلام آباد ایکسپریس وے پر تھانہ کھنہ کے علاقے میں کیمپ لگایا۔ وہ اپنے عالمی سائیکل سفر کے دوران پاکستان پہنچے تھے۔
رپورٹس کے مطابق جب وہ اگلی صبح بیدار ہوئے تو ان کی سائیکل اور قیمتی کیمرہ چوری ہو چکے تھے، جس پر انہیں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
واقعے کے بعد جرمن سفارتخانے کی درخواست پر اسلام آباد پولیس نے فوری کارروائی شروع کی اور تلاش کے بعد سائیکل برآمد کر لی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور چوری میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
یہ واقعہ دارالحکومت میں سیکیورٹی اور سیاحوں کے تحفظ سے متعلق سوالات کو بھی جنم دے رہا ہے، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ غیر ملکی سیاحوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔