خیبرپختونخوا میں بارشوں کے دوران حادثات میں 2 بچے جاں بحق، 10 زخمی

بنوں میں چھت گرنے سے بہن بھائی جاں بحق جبکہ والدہ زخمی ہوئیں، شانگلہ میں گاڑی کھائی میں گرنے سے 6 زخمی ہوئے


ویب ڈیسک April 03, 2026

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں بارش کے دوران چھت گرنے کے واقعے میں بہن بھائی جاں بحق جبکہ دیگر واقعات میں 10 زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق بنوں میں میریان روڈ لیڑے پل کے قریب بارش کے دوران گھر کی چھت گرنے کے نتیجے میں کمسن بہن بھائی جاں بحق جبکہ والدہ زخمی ہوئیں۔ حادثے کے بعد ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے زخمی خاتون کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا۔

اس کے علاوہ گوونڈی میران خیل میں دیوار گرنے کے حادثے میں 3 افراد زخمی ہوئے جن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

علاوہ ازیں شانگلہ میں بارش کے دوران گلگت سے دیر جانے والی گاڑی الپوری بورڈ کے مقام پر کھائی میں گرنے سے 6 افراد زخمی ہوئے جنہیں ریسکیو کر کے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ نماز جمعہ کے بعد تیز بارش اور پھسلن کے باعث پیش آیا۔ ریسکیو 1122 شانگلہ کی ٹیم نے زخمیوں کو کھائی سے نکال کر موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔

تمام زخمیوں کا تعلق ضلع اپر دیر سے ہے اور حالت خطرے سے باہر ہے۔