بالی ووڈ اداکار اور سوزین خان کے چھوٹے بھائی زید خان نے اپنی بہن کی ہریتھک روشن سے طلاق کے 14 سال بعد کھل کر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ رشتہ بننے کے لیے نہیں تھا۔
بھارتی اداکار زید خان نے ہریتھک روشن اور سوزین خان کی 14 سالہ شادی کے خاتمے پر کھل کر بات کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں خاندانوں نے بالغ نظری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہریتھک اور سوزین کو علیحدگی کے بعد اپنی خوشی تلاش کرنے کی آزادی دی۔
سوزین خان کے چھوٹے بھائی نے حالیہ انٹریو میں کہا کہ یہ رشتہ بننے کے لیے نہیں تھا اور انہوں نے اختلافات کے ساتھ رہنے کے بجائے راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کیا، اور اگر آپ کسی ایسی چیز کو زبردستی قائم رکھنے کی کوشش کریں جو حقیقت میں نہیں ہے، تو دونوں افراد تکلیف میں رہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ کے پاس آپ کے بچے ہیں، جن کی زندگی میں شامل ہونا، ان کی پرورش کرنا اور انہیں اچھا انسان بنتے دیکھنا ہی اصل توجہ بن جاتا ہے۔
فلم ’میں ہوں نا‘ کے اداکار نے مزید کہا کہ دونوں خاندانوں نے سمجھداری دکھائی اور انہیں اپنی اپنی خوشیوں کی تلاش کی اجازت دی اور اب یہ ختم ہو چکا ہے، اب ہمیں آگے بڑھ کر اپنی خوشی تلاش کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایسے خاندان نہیں ہیں جو معاشرتی دباؤ کے تحت فیصلے کرتے ہوں۔ ہم کچھ معاملات میں زیادہ سمجھدار اور باشعور ہیں، لوگ اسے عجیب سمجھتے ہیں، کچھ لوگ خود ناخوش ہوتے ہیں یا سمجھ نہیں پاتے، اور یہ ٹھیک ہے۔
زید نے ہریتھک اور سوزین کے درمیان اب بھی موجود احترام اور خیال رکھنے کے جذبے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ محبت ایک وسیع لفظ ہے، لیکن میرے خیال میں ان کے درمیان جو احترام اور خیال ہے وہ زیادہ اہم ہے۔
بالی ووڈ اداکار کا کہنا تھا کہ اس وقت دونوں کے بہترین پارٹنرز ہیں۔ مجھے صبا آزاد بہت پسند ہیں، وہ ایک شاندار شخصیت ہیں، اور ارسلان گونی بھی مجھے بہت عزیز ہیں، وہ میرے چھوٹے بھائی کی طرح ہیں۔ زندگی آگے بڑھتی رہتی ہے۔