لیجنڈری ڈرمر جیمز گیڈسن 86 سال کی عمر میں انتقال کر گئے، وہ صحت کے مسائل سے دوچار تھے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لیجنڈری ڈرمر جیمز گیڈسن ڈیانا راس اور کیلی کلارکسن جیسے فنکاروں کے ساتھ بیک اپ ڈرمز بجا چکے ہیں، 86 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
2 اپریل کو مشہور آر اینڈ بی اور سول ڈرمر کی اہلیہ باربرا نے اس بات کی تصدیق کی اور رولنگ اسٹون کو بتایا کہ وہ حال ہی میں صحت کے مسائل سے گزر رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ حال ہی گھر میں گرنے کے بعد کمر میں چوٹ لگی تھی، وہ ایک شاندار انسان تھے، اس کے علاوہ وہ ایک بہترین شوہر، والد، دادا، نانا اور بے حد شاندار ڈرمر تھے۔
یاد رہے کہ جیمز گیڈسن 17 جون 1939 کو کینساس سٹی، میزوری میں پیدا ہوئے اور انہوں نے 1960 کی دہائی کے آخر میں ڈرمز بجانے کا کیریئر شروع کیا، بعد میں خود کو موسیقی کی تاریخ کے سب سے زیادہ ریکارڈ کیے جانے والے آر اینڈ بی ڈرمرز میں سے ایک کے طور پر مستحکم کیا۔
انہوں نے پہلی بار چارلس رائٹ اینڈ دی واٹس 103rd اسٹریٹ ردم بینڈ میں شامل ہوکر پہچان حاصل کی، جس کے ساتھ تین اسٹوڈیو البمز ریکارڈ کیے۔ 1972 میں بل وِذرز کے البم ’اسٹل بل‘ پر کام کرنے کے بعد ان کی شہرت میں زبردست اضافہ ہوا۔
موسیقی کے علاوہ، گیڈسن نے فلم ’فنی پیوپل‘ میں بھی ایک مختصر کردار ادا کیا، جس میں وہ ایک جم بینڈ کے رکن کے طور پر نظر آئے۔