کراچی؛ یو اے ای میں جبری جسم فروشی کا شکار ہونے والی خاتون کو ریسکیو کرلیا گیا

ایف آئی اے نے بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے متاثرہ خاتون کو ریسکیو کرتے ہوئے متعدد مسافروں کو آف لوڈ کر دیا


ویب ڈیسک April 05, 2026

کراچی:

انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی امیگریشن کے خلاف ایف آئی اے نے بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے متاثرہ خاتون کو ریسکیو کرتے ہوئے متعدد مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے مختلف کارروائیاں کیں۔

یو اے ای سے آنے والی خاتون کو انسانی اسمگلنگ اور جبری جسم فروشی کا شکار ہونے پر ریسکیو کر لیا گیا۔ ابتدائی تفتیش میں محسن، انعم اور کاشف کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا۔

ترکی جانے والے تین مسافر عدیل احمد، سید فیصل شاہ بخاری اور شہباز احمد کو مشکوک سفری دستاویزات پر آف لوڈ کیا گیا، ایجنٹس زاہد اور مجیب کی جانب سے فراڈ کے ذریعے ویزا فراہم کرنے کا انکشاف ہوا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایبٹ آباد کے رہائشی امان اللہ خان کو جعلی ترک ویزا رکھنے پر آف لوڈ کر دیا گیا، ملزم نے ایجنٹ رضوان کے ذریعے جعلی ویزا حاصل کرنے کا اعتراف کیا۔

گجرات کے رہائشی محمد عبداللہ کو مراکش کے راستے اٹلی اسمگلنگ کی کوشش پر آف لوڈ کیا گیا، ایجنٹ مظمل فاروق کی جانب سے غیر قانونی بیرون ملک بھجوانے کا منصوبہ بے نقاب ہوا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق تمام افراد کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اے ایچ ٹی سی منتقل کر دیا گیا، مزید تفتیش جاری ہے اور دیگر ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔