کراچی: پی ایس ایل کی دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کے مینجر اور شریک مالک ثمین رانا نے کہا ہے کہ بال ٹیمپرنگ معاملے پر سینیئر بیٹر فخر زمان کا عدالت جانے کا ذاتی فیصلہ ہے، ہم اپنے موقف پہ قائم رہنے والے کسی بھی کھلاڑی کے ساتھ ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں لاہور قلندرز کے پریکٹس سیشن کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ بال ٹیمپرنگ کے معاملے پر فیصلے کے خلاف فخر زمان کا اپیل مسترد ہوجانے کے بعد عدالت میں جانا ذاتی فیصلہ ہے، فخر زمان کے خلاف فیصلے کی عزت کرتے ہیں لیکن اگر کوئی کھلاڑی اپنے موقف پر قائم رہتا ہے تو ہم اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل اب ایک بڑا برانڈ بن چکا ہے، لیگ کو اس مقام تک پہنچانے کے لیے سب نے جدوجہد اور قربانیاں دیں، رواں سال 2 ٹیموں کے اضافے کے بعد 8 ٹیموں کا ہو جانا خوش آئند ہے، کھلاڑیوں میں مقابلے کا رجحان بڑھے گا، بڑے بھائی فواد رانا سے تنازع کا فیصلہ مصالحتی عدالت نے کیا تھا جس کے خلاف اپیل کر دی گئی ہے۔
ثمین رانا نے کہا کہ پی ایس ایل کے میچز میں تماشائیوں کے نہ آنے کا افسوس ہے تاہم یہ فیصلہ حالات کے پیش نظر کیا گیا، پی ایس ایل 11 کے دوسرے مرحلے میں کراچی میں میچز کا ہونا خوش آئند ہے، کراچی شہر ہمارے دل کے قریب ہے، فرنچائز کے کھلاڑیوں کے ناموں کی عرفیت کا مقصد ان میں جوش اور ولولہ پیدا کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لیگ میں دلچسپ مقابلے ہو رہے ہیں، کوئی بھی ٹیم فتح پر پُرجوش ہونے یا ناکامی پر دلبرداشتہ ہونے کے بجائے محنت اور لگن سے کام کرے، ہر ٹیم کے لیے ٹائٹل جیتنے کے برابر مواقع موجود ہیں۔