سابق وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے دور میں محکمہ آبپاشی میں سینکڑوں بوگس ملازمین کی بھرتی کا انکشاف

سابق حکومت میں بھرتیوں کے دوران میرٹ کو نظر انداز کیا گیا اور گھوسٹ ملازمین کو شامل کیا گیا


ویب ڈیسک April 05, 2026

سابق وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے دور میں محکمہ آبپاشی میں سینکڑوں بوگس ملازمین کی بھرتی کا انکشاف ہوا ہے، جس کے باعث 87 ملین روپے کی مالی بے ضابطگی سامنے آئی۔

ذرائع کے مطابق سابق حکومت میں بھرتیوں کے دوران میرٹ کو نظر انداز کیا گیا اور گھوسٹ ملازمین کو شامل کیا گیا۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ون نے معاملہ قومی احتساب بیورو کے سپرد کرتے ہوئے بوگس بھرتیوں میں ملوث ملازمین کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ون افتخار چھچھر نے نیب سے تحقیقات جلد مکمل کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔

ادھر سیکرٹری آبپاشی واصف خورشید کے مطابق اس اسکینڈل کے حوالے سے محکمہ آبپاشی نے اپنی سطح پر بھی انکوائری مکمل کر لی ہے اور مزید کارروائی رپورٹ کی روشنی میں کی جائے گی۔