یورپی یونین کے زیرِ استعمال کلاؤڈ انفرا اسٹرکچر پر سائبر حملے کے بعد ہیکرز نے یورپی یونین کے سسٹمز پر ای میلز، صارفین کا ڈیٹا اور اندرونی ریکارڈز تک رسائی حاصل کرلی۔
یورپی یونین کی سائبر سیکیورٹی ٹیم CERT EU کی رپورٹ کے مطابق حملہ آوروں نے ایمازون ویب سروسز کے ایک متاثرہ اکاؤنٹ سے تقریباً 92 جی بی کمپریسڈ ڈیٹا چرایا، جو کمیشن کے Europa.eu پلیٹ فارم سے منسلک تھا۔ یہ پلیٹ فارم مختلف یورپی اداروں کی ویب سائٹس اور سروسز کو ہوسٹ کرتا ہے۔
چرائے گئے ڈیٹا میں نام، ای میل ایڈریسز اور ای میل کا مواد شامل ہے، جس سے نہ صرف اندرونی مواصلات بلکہ ذاتی معلومات کے لیک ہونے پر بھی شدید خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔
تحقیقات کے مطابق کم از کم 29 یورپی ادارے متاثر ہوئے جبکہ کمیشن کے درجنوں اندرونی صارفین کا ڈیٹا بھی اس سسٹم میں موجود تھا۔
یہ ہیکنگ ایک ’سپلائی چین‘ حملے کے ذریعے ہوئی۔ ہیکرز نے پہلے ایک اوپن سورس سیکیورٹی ٹول کو نشانہ بنایا، وہاں سے ایک خفیہ API key حاصل کی، اور پھر اسی key کے ذریعے کمیشن کے کلاؤڈ سسٹم میں داخل ہو کر ڈیٹا نکال لیا۔
حملے کے بعد یہ چوری شدہ ڈیٹا ہیکنگ گروپ ’شائنی ہنٹرز‘ نے آن لائن شائع کر دیا، جو پہلے بھی کارپوریٹ اور سرکاری نظاموں کے بڑے ڈیٹا لیکس میں ملوث رہ چکا ہے۔