"یہ جنگی جرائم ہو سکتے ہیں!" ٹرمپ کے بیان پر ایمنسٹی کی خطرناک وارننگ

ایمنسٹی انٹرنیشنل کی سربراہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسے بیانات اور ممکنہ اقدامات کا نوٹس لے


ویب ڈیسک April 06, 2026

بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کی سربراہ انیئس کالامار نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران کے خلاف حالیہ دھمکیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں ’نفرت انگیز‘ قرار دیا ہے۔

انیئس کالامار نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران میں شہری انفرااسٹرکچر جیسے پلوں اور بجلی گھروں کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں انتہائی خطرناک ہیں، کیونکہ اس کا سب سے زیادہ نقصان عام شہریوں کو ہوگا۔

ان کے مطابق اگر ایسے حملے کیے گئے تو لوگوں کو نہ بجلی میسر ہوگی، نہ پانی، اور نہ ہی محفوظ پناہ گاہیں دستیاب ہوں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس نوعیت کے اقدامات بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہو سکتے ہیں اور یہ ممکنہ طور پر جنگی جرائم کی ایک تسلسل کی صورت اختیار کر سکتے ہیں۔

انیئس کالامار نے اپنے بیان کے ساتھ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جاری کردہ دھمکی آمیز سوشل میڈیا پوسٹ بھی شیئر کی، جس میں ایران کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیا گیا تھا۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کی سربراہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسے بیانات اور ممکنہ اقدامات کا نوٹس لے اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔