خیبر پختونخوا میں 6 سے 9 اپریل تک بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کا خدشہ

پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا


ویب ڈیسک April 06, 2026

خیبر پختونخوا میں 6 سے 9 اپریل تک بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کا خدشہ، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں نچلے سے درمیانے درجے کی  سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔ دریائے کابل سے منسلک ندی نالوں میں بھی طغیانی کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اضلاع کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق کوہاٹ توئی، دریائے کرم اور دریائے گومل میں فلیش فلڈنگ کی پیشگوئی کے پیش نظر پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مہمند، بنوں، کوہاٹ، کرم اور ڈی آئی خان کے ڈپٹی کمشنرز کو خصوصی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو  موسمی اور سیلابی صوتحال سے متعلق مقامی آبادی اور سیاحوں کو آگاہ رکھنے اور محفوظ مقامات کا رخ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں کو مکمل الرٹ رہنے اور عملہ و مشینری تیار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ اداروں کو دریاوں اور ندی نالوں کی مسلسل نگرانی رکھنے اور کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہر 6 گھنٹے بعد رپورٹ فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل فعال ہے، عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع و معلومات کے لئے پی ڈی ایم کی ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔