ٹرمپ کی ایران کو دھمکیاں ‘جنگی جرائم‘ ہیں، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی

ترجمان نے الزام عائد کیا کہ امریکا اسرائیل کو شہری اہداف پر حملوں کی کھلی اجازت دے رہا ہے


ویب ڈیسک April 06, 2026

ایران نے امریکا کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں کو جنگی جرم قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ واشنگٹن کی کسی بھی قسم کی مدد کرنے والے ممالک کو بھی قانونی طور پر ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا کی جانب سے ایران کے توانائی اور صنعتی انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی دھمکیاں خود بھی جنگی جرم کے زمرے میں آتی ہیں۔

ترجمان نے الزام عائد کیا کہ امریکا اسرائیل کو شہری اہداف پر حملوں کی کھلی اجازت دے رہا ہے، جو بین الاقوامی انسانی قوانین اور عالمی کریمنل کورٹ کے قانون کے مطابق جنگی جرائم میں شمار ہوتا ہے۔

اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ ایران ایک طرف اپنی دفاعی صلاحیتوں کے ذریعے دشمن کا مقابلہ کر رہا ہے، تو دوسری جانب سفارتی محاذ پر بھی سرگرم ہے۔ ان کے مطابق ایران کی خارجہ پالیسی کا محور قومی مفادات، قومی سلامتی اور عوام کے جائز مطالبات ہیں۔

انہوں نے عالمی برادری کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی ملک امریکا کے ساتھ مل کر ایران کے خلاف کارروائیوں میں تعاون کرے گا، اسے بھی جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم میں شریک سمجھا جائے گا اور اس کا احتساب کیا جائے گا۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔