اسلام آباد:
جی ایچ کیو حملہ کیس میں عمران خان کی آج بھی ویڈیو لنک پر حاضری نہیں ہو سکی، اس حوالے سے تفصیلات سامنے آ گئیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے سانحہ 9 مئی اور جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کی، جس میں آج بھی عدالت اور جیل میں ویڈیو لنک سسٹم فعال نہ ہونے کی وجہ سے مسائل برقرار رہے۔
سماعت کے دوران بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل روبکار کے ذریعے حاضری لگائی گئی جب کہ جی ایچ کیو حملہ کیس میں پیش ہونے والے دیگر تمام ملزمان کو حاضری مکمل کرنے کے بعد عدالت سے واپس جانے کی اجازت دے دی گئی۔ اس موقع پر سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
یاد رہے کہ کیس میں اب تک 119 میں سے 44 گواہوں کے بیانات ریکارڈ ہو چکے ہیں، تاہم ان 44 گواہوں میں سے تاحال کسی ایک پر بھی جرح مکمل نہیں ہو سکی۔
بعد ازاں عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت 21 اپریل تک ملتوی کر دی۔ اس کے علاوہ وکلا کی جانب سے کیس کے حوالے سے مشاورت کے لیے بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات کی استدعا پر بھی سماعت ملتوی کردی گئی۔