یونس خان نے پی سی بی کے تعاون سے سندھ میں کرکٹ کے فروغ کا بیڑا اٹھا لیا

پی سی بی کے تعاون سے سندھ  کرکٹ ٹیم تشکیل دینے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، وزیر کھیل و امور نوجوانان سندھ


زبیر نذیر خان April 07, 2026

سابق ٹیسٹ کپتان یونس خان نے پی سی بی کے تعاون سے سندھ میں کرکٹ کے فروغ کا بیڑا اٹھا لیا۔

تفصیلات کے مطابق یونس خان صوبے میں کرکٹ کے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے سندھ حکومت کی بھرپور معاونت اور مدد کریں گے اور دیگر معروف سابق کرکٹرز بھی یونس خان کے ہم رکاب ہوں گے۔

سابق ٹیسٹ کپتان نے وزیر کھیل و امور نوجوانان سندھ سردار محمد بخش مہر سے ملاقات میں صوبے میں کرکٹ کے فروغ کے لیے اکیڈمیز قائم کرنے اور نئے کھلاڑیوں کو سامنے لانے کے لیے مناسب کوچنگ کی تجاویز پیش کر دیں۔

سردار محمد بخش مہر نے دوران ملاقات سندھ میں کرکٹ کو تقویت دینے کے لیے یونس خان کے جذبے کو سراہتے ہوئے تجاویز کو عملی جامہ پہنانے کی یقین دہانی کرا دی۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی کے تعاون سے سندھ  کرکٹ ٹیم تشکیل دینے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اس ضمن میں سابق ٹیسٹ کپتان جاوید میاں داد، راشد لطیف اور معین خان سمیت دیگر معروف کرکٹرز سے بھی مشاورت اور معاونت حاصل کی جائے گی۔