پاکستان نے بیساکھی میلے کیلئے 2800 سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کردیے

سکھ یاتری 10 سے 19 اپریل تک پاکستان میں منعقدہ مذہبی تقریبات میں شرکت کریں گے، پاکستانی ہائی کمیشن نئی دہلی


ویب ڈیسک April 07, 2026

پاکستان نے بیساکھی میلے کے موقع پر بھارت کے 2800 سے زائد سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کردیے۔

پاکستانی ہائی کمیشن نئی دہلی کے مطابق سکھ یاتری 10 سے 19 اپریل 2026 تک پاکستان میں منعقد ہونے والی سالانہ مذہبی تقریبات میں شرکت کریں گے۔

یاتری اپنے قیام کے دوران مختلف مقدس مقامات کی یاترا کریں گے، جن میں گوردوارہ پنجہ صاحب، گوردوارہ ننکانہ صاحب اور گوردوارہ کرتارپور صاحب شامل ہیں۔

اس موقع پر ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے یاتریوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ پاکستان کے بین المذاہب اور بین الثقافتی ہم آہنگی کے فروغ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مختلف مذہبی مقامات کے ایک باوقار امین کے طور پر پاکستان رواداری، خیرسگالی اور باہمی احترام کے آفاقی اصولوں کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔