وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد سے رابطہ کر کے ایک بار پھر یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیرِ اعظم، شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
دوران دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری کشیدگی پر تبادلۂ خیال کیا، وزیراعظم کا کہنا تھا پاکستان کی عوام اور حکومت سعودی عرب کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیرِ اعظم نے گفتگو کے دوران جاری حملوں کے تناظر میں سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی اور مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور آج سعودی عرب میں الجبیل آئل فسیلیٹی پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کی۔
شہباز شریف نے ولی عہد کو یقین دلایا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ہمیشہ اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے، جس طرح سعودی قیادت اور عوام نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔
وزیرِ اعظم نے موجودہ کشیدگی کے دوران سعودی قیادت کی جانب سے تحمل اور دانشمندی کے مظاہرے کو سراہا اور کہا کہ پاکستان دیگر ممالک کے ساتھ مل کر امن کی کوششوں کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں سے بھی ولی عہد کو آگاہ کیا۔وزیرِ اعظم نے خادم الحرمین الشریفین، شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک تمناؤں اور پرتپاک سلام کا اظہار بھی کیا۔ولی عہد نے خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔