مشرق وسطیٰ کشیدگی، پاکستان کی ٹرمپ سے ڈیڈ لائن میں توسیع اور ایران سے آبنائے ہرمز کھولنے کی اپیل

ایران خیرسگالی کے جذبے کے تحت آبنائے ہرمز دو ہفتوں کیلیے کھولے، ٹرمپ سفارت کاری کو موقع دیں جس کے اچھے نتائج نکلیں گے


ویب ڈیسک April 07, 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے خاتمے کیلیے ٹرمپ سے ڈیڈ لائن میں دو ہفتوں کی توسیع اور ایران سے آبنائے ہرمز کھولنے کی اپیل کردی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایران امریکا جنگ کے فیصلہ کن مرحلے کے عین وقت میں سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر پیغام جاری کیا۔

انہوں نے لکھا کہ پاکستان نے اس تناظر میں اہم سفارتی پیش رفت کی اور اپیل کی ہے کہ امریکا کے صدر سفارتی عمل کو موقع دینے کے لیے ڈیڈ لائن میں دو ہفتوں کی توسیع کریں۔

وزیراعظم نے لکھا کہ پاکستان کی جانب سے ایران سے بھی برادرانہ انداز میں درخواست ہے کہ وہ خیرسگالی کے جذبے کے تحت آبنائے ہرمز کو دو ہفتوں کے لیے کھول دے تاکہ خطے میں کشیدگی کم کرنے میں مدد مل سکے۔

پاکستان نے تمام متحارب فریقین پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مکمل جنگ بندی کا اعلان کریں تاکہ سفارت کاری کو نتیجہ خیز انجام تک پہنچایا جا سکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا مؤقف ہے کہ یہ اقدام خطے میں طویل المدتی امن اور استحکام کے لیے نہایت اہم ثابت ہو سکتا ہے۔