مختلف سیاسی رہنماؤں نے امریکا ایران کی جنگ بند کرانے میں اہم کردار پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی بروقت سفارتی کوششوں نے ممکنہ بڑے تنازع کو ٹال کر خطے کو تباہی سے بچایا۔
انہوں نے کہا کہ دانشمندانہ حکمت عملی سے مذاکرات کی راہ ہموار ہوئی اور عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت کردار نمایاں ہوا۔
وفاقی وزیر اویس لغاری نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق یہ بہترین سفارت کاری ہے اور اس اقدام کو نوبیل امن انعام کے لیے مثالی کیس قرار دیا جا سکتا ہے۔
وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے امن، مکالمہ اور علاقائی استحکام کے لیے مؤثر کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی اعلیٰ درجے کی دانشمندی اور تعمیری سفارتکاری کی عکاس ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ کو مضبوط بناتی ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی میں کردار پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کاوشیں تاریخ کا حصہ بن چکی ہیں اور دنیا کو بڑی تباہی سے بچانے میں پاکستان کا کردار سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔
ادھر نگران وزیراعلیٰ گلگت بلتستان جسٹس (ر) یار محمد نے بھی وزیراعظم سے ملاقات میں حالیہ بحران کے دوران سفارتی کوششوں پر مبارکباد دی اور خطے کے امور و ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔
وزیرِ اعظم کی قیادت میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود
چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے عالمی سفارتی محاذ پر قابلِ ذکر کامیابی حاصل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کا کردار ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر نمایاں رہا اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے و امن کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کیا گیا۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی اسٹریٹجک رہنمائی خطے میں استحکام کے لیے اہم ثابت ہوئی جبکہ قومی قیادت کے بروقت فیصلوں نے سفارتی سطح پر پاکستان کا وقار مزید بلند کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کی فعال سفارتکاری نے بھی امن کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر عالمی امن کے لیے اپنی سفارتی صلاحیت کا بھرپور اظہار کیا اور اسلام آباد کی سفارتی کاوشیں خطے میں پائیدار امن کی جانب اہم پیش رفت ہیں۔
رانا مشہود احمد خان کے مطابق دنیا پاکستان کے مثبت اور تعمیری سفارتی کردار کو تسلیم کر رہی ہے جبکہ پاکستان نے کشیدگی کے بجائے مذاکرات کو ترجیح دے کر عالمی سطح پر مثبت مثال قائم کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ثابت کیا کہ خطے میں امن کے لیے اس کی سفارتی ذمہ داری اور صلاحیت مسلمہ ہے اور ملک آئندہ بھی خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔
پاکستان نے نہایت ذمہ داری کے ساتھ امن کے لیے کلیدی کردار ادا کیا، عبدالعلیم خان
وفاقی وزیر اور صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو شاندار کامیابی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے نہایت ذمہ داری کے ساتھ امن کے لیے کلیدی کردار ادا کیا ہے اور عسکری و سیاسی قیادت کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ امریکہ اور ایران کا مذاکرات کی میز پر آنا نیک شگون ہے اور آج پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہو گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا پاکستان کو باوقار اور امن کے داعی کے طور پر دیکھ رہی ہے اور امید ظاہر کی کہ جمعہ المبارک کے مذاکرات مزید مثبت خبروں کا باعث بنیں گے۔
پاکستان کا امن کے لیے کردار قابلِ فخر ہے، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا امن کے لیے کردار قابلِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دانشمندی، عزم اور امن کے لیے پختہ عہد کے ساتھ قیادت کا کردار ادا کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے ایران اور امریکا کی قیادت کی جانب سے کشیدگی کم کرنے اور تباہی کے بجائے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے تہران، واشنگٹن اور اسلام آباد کی قیادت کی مسلسل کوششوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس جنگ بندی کی بدولت کشیدگی میں کمی آئی اور سفارتکاری کو فروغ ملا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ جنگ بندی خطے کے لیے ایک اہم موقع فراہم کرتی ہے تاکہ حالات کو سنبھالا جا سکے، بحالی کا عمل شروع ہو اور وسیع جنگ کے خطرات سے دوری اختیار کی جا سکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ جنگ بندی محض عارضی وقفہ ثابت نہیں ہوگی بلکہ دیرپا امن کی بنیاد بنے گی اور خطے میں استحکام، تعاون اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کا باعث بنے گی۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کو امن کی جانب ایک خوش آئند قدم قرار دیا۔
انہوں نے تمام فریقین کی جانب سے فوری جنگ بندی کے حصول کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ دنیا کو تباہی نہیں بلکہ مکالمے کی ضرورت ہے۔
شرجیل انعام میمن نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ جنگ نہیں بلکہ دانشمندی ہی مسائل کا مؤثر حل پیش کر سکتی ہے اور جنگ بندی کی پیش رفت خطے میں دیرپا استحکام اور خوشحالی کا باعث بنے گی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے کشیدگی میں کمی آئے گی اور خطے میں امن و تعاون کو فروغ ملے گا۔