بالی ووڈ اداکار وکامیڈین راجپال یادو نے ایوارڈ شو میں ہونے والے تنازع پر خاموشی توڑتے ہوئے پس پردہ حقائق سے آگاہ کردیا۔
بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان نے گزشتہ روز راجپال یادو کے حق میں ٹوئٹ کی تھی جو چند ہی لمحوں میں وائرل ہوگئی تھی، جس پر کامیڈین کی جانب سے آج وضاحتی بیان ریکارڈ کروایا گیا ہے۔
بھارتی صحافی ومیزبان سوربھ دویویدی اور کامیڈین ذاکر خان ایک ایوارڈ شو کی میزبانی کررہے تھے کہ اس دوران راجپال یادو کے قرضے سے متعلق کیس پر سوربھ نے انہیں ٹرول کیا۔
یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب 55 سالہ اداکار نے 5 اپریل کو منعقدہ تقریب میں شرکت کی، جہاں دویویدی نے لائیو گفتگو کے دوران اداکار کے چیک باؤنس کیس پر مزاحیہ تبصرہ کیا۔
یہ لمحہ وہاں موجود حاضرین میں قہقہوں کا باعث بنا، تاہم اس کی ویڈیو کلپ وائرل ہونے کے بعد میزبان پر تنقید شروع ہو گئی۔
اہم، راجپال یادو کے چاہنے والوں کو یہ بالکل بھی اچھا نہیں لگا اور وہ اداکار کے حق میں میدان میں آگئے اور اس دوران انہوں نے ہزاروں پوسٹ کی جس میں بھارتی صحافی پر کڑی تنقید کی گئی۔
اس دوران سلمان خان ، فرحان خان سمیت دیگر فنکاروں نے بھی اپنے ساتھی اداکار کے حق سوشل میڈیا پر پوسٹیں کیں۔
بعد ازاں، راجپال یادو نے سوشل میڈیا پر آ کر بتایا کہ ایوارڈ شو کے دوران متنازعہ حصہ دراصل ان، ذاکر اور سوربھ کی مشترکہ منصوبہ بندی تھا۔
ویڈیو میں بات کرتے ہوئے انہوں نے ان دونوں کو اپنے چھوٹے بھائی قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ ان کا احترام کرتے آئے ہیں، اور یہ بھی بتایا کہ سوربھ نے آڈیٹوریم میں موجود تمام لوگوں سے ان کے لیے کھڑے ہو کر تالیاں بجانے کو کہا۔
انہوں نے سوشل میڈیا صارفین سے درخواست کی کہ وہ سوربھ یا کسی اور کو ٹرول نہ کریں اور یہ بھی کہا ’سوربھ کا دل دکھانا، میرا دل دکھانے کے برابر ہے‘۔
انہوں نے ویڈیو کے اختتام پر کہا کہ میں سوربھ سے محبت کرتا ہوں، میں ذاکر سے محبت کرتا ہوں، میں آپ سب سے محبت کرتا ہوں۔ میں آج جو بھی ہوں، آپ سب کی وجہ سے ہوں، شکریہ۔
دونوں میزبانوں، ذاکر اور سوربھ نے بھی کمنٹ سیکشن میں ان کی ویڈیو پر ردعمل دیا۔
سوربھ دویویدی نے لکھا ’بھائی، آپ کے لیے بہت عزت اور محبت ہے‘۔
اسٹینڈ اپ کامیڈین ذاکر خان نے تبصرہ کیا ’آپ کے لیے ڈھیر سارا پیار، راجپال بھائی‘۔