حکومت پنجاب نے جائیداد کے دستاویزات کے حصول کے لیے بائیو میٹرک ویریفکیشن لازمی قرار دینے کا فیصلہ کر لیا۔
اس حوالے سے پنجاب اسمبلی میں رجسٹریشن (ترمیمی) ایکٹ 2025 پیش کر دیا گیا ہے جس کے تحت رجسٹریشن ایکٹ 1908 میں ترامیم کی جائیں گی۔
بل کے متن کے مطابق جائیدادوں اور ان سے متعلق رجسٹریشن کے تمام معاملات میں بائیو میٹرک ویریفکیشن لازمی ہوگی جبکہ اشخاص کی شناخت کے لیے بائیو میٹرک تصدیق اور الیکٹرانک دستخط بھی ضروری قرار دیے جائیں گے۔ مزید کہا گیا ہے کہ تمام ڈیٹا مستقبل کے لیے محفوظ رکھا جائے گا۔
ترمیم کے تحت پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی الیکٹرانک ریکارڈ سسٹم تشکیل دے گی اور تمام الیکٹرانک ڈیٹا اسی ادارے کے پاس محفوظ ہوگا۔ بل میں کہا گیا ہے کہ بورڈ آف ریونیو پنجاب، آئی جی رجسٹریشن اور ایکٹ کے تحت قائم اداروں کے فرائض کی نگرانی کرے گا۔
بل کو مزید غور کے لیے متعلقہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے جو دو ماہ میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی، جس کے بعد ایوان سے منظوری اور پھر گورنر پنجاب کی حتمی منظوری حاصل کی جائے گی۔