شہریوں کا حساس ڈیٹا فروخت کرنے والا ملزم گرفتار

ملزم نادرا، کال ڈیٹا ریکارڈ اور کسی اور کے نام پر نکلی جعلی سمز فروخت کرتا تھا، این سی سی آئی اے


صالح مغل April 08, 2026
فوٹو: فائل

 نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) راولپنڈی کی ٹیم نے حساس ڈیٹا غیرقانونی طور پر فروخت کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

این سی سی آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت بلال کے نام سے ہوئی، جو نادرا ریکارڈ ، لوکیشنز ،سی ڈی آر، فیملی ٹری،جعلی سمز ، آئی ایم آئی ای اسکینز اور سمز کے قانونی مالکان کا ڈیٹا و معلومات فروخت کرنے میں ملوث ہے۔

ترجمان کے مطابق اس حوالے سے این سی سی آئی اے میں انکوائری جاری تھی اس دوران ملزم کے متعلق اطلاع ملی کہ مذکورہ میڑو اسٹیشن راولپنڈی پر موجود ہے جس پر ٹیم نے چھاپہ مارا اور ملزم کو تحویل لیکر موبائل فون اور سمز برآمد کیں۔

این سی سی آئی اے کے مطابق ملزم کے موبائل فون کے ٹیکنکل تجزیے سے بھی الزامات درست ثابت ہویے جس پر ملزم کو باقائدہ طور پر گرفتار کرلیاگیا۔

ابتداہی تفتیش کے مطابق ملزم واٹس ایپ اور فیس بک کے ذریعے حساس معلومات فروخت کرتا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف پیکا ایکٹ  سمیت دیگر دفعات کے تحت  مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گی ہے۔