جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آئندہ جمعے کو مہنگائی کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہرے ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے 9 اپریل کو راولپنڈی میں ہونے والا احتجاج ملتوی کرنے کے بعد جے یو آئی سربراہ نے بھی احتجاجی مظاہروں کی کال واپس لے لی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی اسلام آباد میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے اُن کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں وزیر داخلہ نے جے یو آئی سربراہ سے احتجاج ملتوی کرنے کی درخواست کی۔
محسن نقوی نے سفارتی کامیابی اور پاکستان کے اقدامات پر جے یو آئی سربراہ کو اعتماد میں لیا جس پر مولانا فضل الرحمان نے مسرت کا اظہار کیا۔
ملاقات میں سنیٹر مولانا عطاء الرحمان،علامہ راشد محمود سومرو سمیت دیگر جے یو آئی عہدیدار شریک تھے۔