پاکستان کی عراق میں کویتی سفارت خانے پر حملے کی مذمت، ملوث عناصر کو کٹھہرے میں لانے کا مطالبہ

سفارتی اور قونصلر مشنز کی سلامتی اور حرمت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، پاکستان


ویب ڈیسک April 08, 2026

دفتر خارجہ نے عراق کے شہر بصرہ میں کویت کے قونصل خانے پر حملے اور توڑ پھوڑ کے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق قونصل خانے کی عمارت میں گھس کر توڑ پھوڑ اور اس کے تقدس کی پامالی بین الاقوامی سفارتی اصولوں اور قوانین کے منافی اور خصوصاً ویاناکنونشن برائے قونصلر تعلقات کی واضح خلاف ورزی ہے۔

پاکستان نے زور دیا کہ سفارتی اور قونصلر مشنز کی سلامتی اور حرمت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

دفتر خارجہ نے واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے پر زور دیا۔

پاکستان نے کویت کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے سفارتی مشنز کے احترام اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کی پاسداری کے اپنے اصولی مؤقف کا اعادہ کیا ہے۔