دفتر خارجہ نے عراق کے شہر بصرہ میں کویت کے قونصل خانے پر حملے اور توڑ پھوڑ کے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق قونصل خانے کی عمارت میں گھس کر توڑ پھوڑ اور اس کے تقدس کی پامالی بین الاقوامی سفارتی اصولوں اور قوانین کے منافی اور خصوصاً ویاناکنونشن برائے قونصلر تعلقات کی واضح خلاف ورزی ہے۔
پاکستان نے زور دیا کہ سفارتی اور قونصلر مشنز کی سلامتی اور حرمت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
دفتر خارجہ نے واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے پر زور دیا۔
پاکستان نے کویت کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے سفارتی مشنز کے احترام اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کی پاسداری کے اپنے اصولی مؤقف کا اعادہ کیا ہے۔