حیدرآباد، پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے خلاف وکلاء کا الٹی میٹم ختم، آج احتجاج کا اعلان

اضافہ واپس نہ لیا گیا تو وکلاء برادری وادھواہ گیٹ بائی پاس پر دھرنا دے گی


ویب ڈیسک April 08, 2026
—فوٹو: فائل

حیدرآباد:

آل سندھ لائزر ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف قائم احتجاجی کیمپ اختتام پذیر ہو گیا ہے جبکہ حکومت کو دیا گیا 72 گھنٹے کا الٹی میٹم بھی آج ختم ہو رہا ہے۔

کمیٹی کے سیکریٹری اسرار چانگ ایڈوکیٹ نے اعلان کیا ہے کہ تمام وکلاء اور شہریوں کو آج شام 4 بجے نسیم نگر چوک پر جمع ہونے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جا سکے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ واپس نہ لیا گیا تو وکلاء برادری وادھواہ گیٹ بائی پاس پر دھرنا دے گی۔

اسرار چانگ ایڈوکیٹ کے مطابق دھرنے کی صورت میں سخت احتجاج کیا جائے گا اور ٹریفک کی مکمل بندش سمیت پہیہ جام ہڑتال کی جائے گی جس سے شہر میں معمولات زندگی متاثر ہونے کا امکان ہے۔