سندھ ہائی کورٹ بار نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے منسوب سوشل میڈیا پر مسلم مخالف بیانات کی مذمت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ بار نے امریکی سفارتخانے کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا کہ قانونی برادری امریکا کو آئین اقدار، جمہوری اداروں اور بنیادی حقوق کے لئے احترام کی حامل ریاست کے طور پر دیکھتی ہے۔
متن میں کہا گیا کہ سندھ ہائی کورٹ بار امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کا خیر مقدم کرتی ہے، امریکی صدر سے منسوب سوشل میڈیا بیانات پر تشویش ہے۔ بیانات میں مسلمانوں، اسلام اور ایران کے حوالے سے توہین آمیز زبان استعمال کی گئی ہے۔
متن میں کہا گیا کہ ایران کے شہری ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی ہے، جنیوا کنونشنز شہری تنصیبات کو تحفظ دیتا ہے اور غیر ذمہ دارانہ بیان عالمی امن اور قانونی نظام کے لئے نقصان دہ ہے۔
ہائی کورٹ بار نے خط میں کہا کہ امریکی قانون ساز ادارے جنگ اور امن کے معاملات میں آئینی کردار کو یقینی بنائیں۔ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے اداروں کو غیر ذمہ دارانہ بیانات کا نوٹس لینا چاہیئے اور عالمی رہنماؤں کو ذمہ داری، برداشت اور احترام کا مظاہرہ کرنا چاہیئے۔