آئی جی سندھ سے پاکستانی تاجروں کے وفد کی ملاقات، امن وامان صورتحال پر اظہار اطمینان

کاروباری سرگرمیوں کے لئے امن وامان کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا


ویب ڈیسک April 09, 2026

وفاق ایوان ہائے صنعت وتجارت پاکستان کے17رکنی وفد نے آئی جی سندھ سے ملاقات کی جس کی سربراہی ایف پی سی سی آئی نائب صدرثاقب فیاض مگوں  کررہے تھے۔

تفصیلات کے مطابق وفد میں سندھ کے مختلف شہروں کے ایوان ہائے صنعت وتجارت اور تاجرتنظیموں کے صدور اور اراکین شریک تھے۔ ملاقات میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور کاروبار و صنعتوں کے لئے سیکیورٹی اقدامات پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد نے صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کے لئے امن وامان کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔ نائب صدرایف پی سی سی آئی کا کہنا تھا کہ ماضی کے مقابلے میں اب ہم بہتر اور سازگار ماحول میں کاروبار کررہے ہیں۔

وفد نے کہا کہ کندھکوٹ، شکارپور، لاڑکانہ، جیکب آباد اورکچہ کے دیگر راستے مال بردارگاڑیوں کے لئے دن رات محفوظ ہوچکے ہیں۔

صدر وومن چیمبرآف کامرس ملیر کا کہنا تھا کہ کاروباری منڈیوں میں خواتین تاجروں کو تحفظ ، درپیش مسائل کے حل کے انتظامات کیے جائیں۔ صدرلاڑکانہ چیمبرآف کامرس نے کہا کہ کچے میں آپریشن کے بعد سکھر اور لاڑکانہ میں کاروباری سرگرمیاں تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔ سکھراور لاڑکانہ میں فوری سیف سٹی پروجیکٹ شروع کیا جانا چاہیے۔

آئی جی سندھ جاویدعالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کا کریڈٹ سب اسٹیک ہولڈرزکوجاتا ہے، آئی جی سندھ بنے کے بعد پہلی ترجیح کچے کے علاقوں سے نوگوایراز کا خاتمہ تھا۔ 

آئی جی نے کہا کہ جنوری سے لے کراب تک 280 کے قریب ڈاکو سرینڈر کرچکے ہیں۔مستقبل میں سندھ پولیس ہائی وے پیٹرول کو مضبوط کرکے شاہراہوں کو مزید محفوظ بنانے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی  میں تاجروں کی مدد سے 40 ہزارسے زائدکیمرے نصب ہوچکے ہیں۔ خواتین تاجر وصنعت کاروں کے مسائل کے حل کے لئے ڈی آئی جیز کے دفاترمیں قائم خواتین تحفظ سیل کوذمہ داری دی جائے گی۔