ریاض: خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران سعودی عرب اور ایران کے وزرائے خارجہ کے درمیان اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جسے دونوں ممالک کے درمیان حالیہ بحران کے بعد پہلا باضابطہ رابطہ قرار دیا جا رہا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے اپنے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔ اس دوران دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا اور کشیدگی کم کرنے کے مختلف طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ دونوں ممالک نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے سفارتی کوششوں کو تیز کرنا ضروری ہے۔
یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب ایران کی جانب سے خلیجی ممالک پر حملوں کے بعد خطے میں تناؤ میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ رابطہ ایک مثبت پیش رفت ہو سکتی ہے، جو مستقبل میں مذاکرات اور کشیدگی میں کمی کی راہ ہموار کر سکتی ہے، تاہم صورتحال اب بھی نازک ہے۔