وزیراعظم نے لبنانی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور لبنان کے وزیراعظم نواف سلام کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔
وزیراعظم نے لبنان کے خلاف اسرائیل کی جاری جارحیت کی شدید مذمت کی اور ہزاروں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن کے لیے مخلصانہ کوششوں میں مصروف ہے اور اسی جذبے کے تحت ایران اور امریکا کے درمیان امن مذاکرات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
لبنان کے وزیراعظم نے امن کی کوششوں پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپیل کی کہ پاکستان لبنان اور عوام کو نشانہ بنانے والے حملوں کو فوری طور پر ختم کرنے کے لیے تعاون کرے۔
دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ اور وزیراعظم میں رابطہ
دوسری جانب وزیراعظم اور بحرین کے بادشاہ شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں بحرینی بادشاہ نے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کرانے میں پاکستان کی کامیاب کوششوں پر وزیراعظم کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس پیش رفت سے خطے میں دیرپا امن کے امکانات روشن ہوئے ہیں۔
وزیراعظم نے پاکستان کی امن کوششوں کی حمایت پر شاہ بحرین کا شکریہ ادا کیا اور گزشتہ چھ ہفتوں کے دوران حملوں کے تناظر میں بحرینی قیادت کی جانب سے دکھائے گئے مثالی تحمل کو سراہا۔
انہوں نے حالیہ کشیدگی کے دوران بحرین میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
آسٹریا کے چانسلر کا وزیراعظم کو ٹیلیفون
آسٹریا کے چانسلر کرسچن اسٹوکر نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم نے رواں سال فروری میں ویانا کے اپنے سرکاری دورے کے موقع پر ہونے والی حالیہ ملاقات کو خوشگوار انداز میں یاد کیا۔
وزیراعظم نے آسٹریا کے چانسلر کی جانب سے پاکستان کی کاوشوں کی بھرپور تائید و حمایت پر شکریہ ادا کیا جس کے نتیجے میں امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی اور دونوں فریقین کے درمیان مذاکرات کی بحالی یقینی بنی۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام فریقین جنگ بندی کی مکمل پاسداری کریں تاکہ کامیاب مذاکرات کے امکانات کو تقویت ملے، جو خطے اور اس سے باہر پائیدار امن اور استحکام کا باعث بن سکتے ہیں۔
وزیراعظم اور امیر قطر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ
وزیراعظم اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے درمیان آج شام ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں انتہائی گرم جوش اور دوستانہ گفتگو ہوئی۔
اس دوران امیر قطر نے وزیر اعظم کو پاکستان کی کامیاب سفارتی کوششوں پر مبارکباد پیش کی پاکستان کی کوششوں سے ایران اور امریکا میں جنگ بندی ہوئی اور فریقین کے درمیان مذاکرات ہونے جا رہے ہیں۔
پاکستان کی مخلصانہ اور ثالثی کی حقیقی کوششوں کو سراہنے پر امیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیراعظم نے قطری قیادت کی دانش مندی اور تدبر کی تعریف کی جس میں قطر نے گزشتہ چھ ہفتوں کے دوران مسلسل حملوں کا سامنا کرنے کے باوجود مثالی تحمل کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے قطر کی قیادت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اعادہ کیا اور امیر کو یقین دلایا کہ دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے سے کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے رہیں گے۔
دونوں رہنماؤں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مشترکہ کوششوں سے پورے خطے میں جلد امن واپس آئے گا۔