برازیل ویمنز ٹیم کی فاسٹ بولر لورا کارڈوسو نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
لورا کارڈوسو ایک ہی اننگز میں 9 وکٹیں حاصل کرنے والی دنیا کی پہلی انٹرنیشنل کھلاڑی بن گئیں، جو کہ ویمنز اور مینز دونوں طرز کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک منفرد اعزاز ہے۔
یہ تاریخی کارنامہ انہوں نے لیسوتھو ویمنز ٹیم کے خلاف میچ میں انجام دیا، جہاں انہوں نے صرف 4 رنز دے کر 9 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ان کی تباہ کن بولنگ کے باعث لیسوتھو کی پوری ٹیم محض 13 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
اس سے قبل مینز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بھوٹان کے سونم یشی 2025 میں 8 وکٹوں کا ریکارڈ قائم کر چکے ہیں جبکہ ویمنز کرکٹ میں انڈونیشیا کی روحمالیا کے نام 7 وکٹوں کا بہترین ریکارڈ تھا جسے اب لورا کارڈوسو نے پیچھے چھوڑ دیا۔
میچ میں برازیل نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 202 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور کیا تھا، جس کے جواب میں لیسوتھو کی ٹیم مکمل طور پر ناکام رہی۔ برازیل نے یہ مقابلہ 189 رنز کے بھاری مارجن سے جیت کر اپنی برتری ثابت کر دی۔