ایران امریکا مذاکرات؛ فیلڈ مارشل  نے آگ کے شعلے بجھانے میں تاریخ ساز کردار ادا کیا، وزیراعظم

آج دونوں فریقین بات چیت کے ذریعے معاملات طے کرنے پر راضی ہو چکے ہیں


ویب ڈیسک April 10, 2026

ایران اور امریکا کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل  سید عاصم منیر نے آگ کے شعلے بجھانے میں تاریخ ساز کردار ادا کیا۔

قوم سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ آج میں آپ سے ایک تاریخ ساز موقع پر بات کر رہا ہوں، ایسے موقع پر جب اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے یہاں جنگ نہیں بلکہ امن کی باتیں ہو رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ فریقین جو کل تک جنگ میں آمنے سامنے تھے اور خطہ تباہی کا منظر پیش کر رہا تھا، آج الحمدللہ دونوں فریقین بات چیت کے ذریعے معاملات طے کرنے پر راضی ہو چکے ہیں۔

انہوں نے ایران اور امریکا کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت نے میری تجویز پر ناصرف عارضی جنگ بندی پر اتفاق کیا بلکہ میری پُرخلوص دعوت پر دونوں ممالک کی قیادت اسلام آباد تشریف لانے پر رضامند ہوگئی اور اب اسلام آباد میں امن کے قیام کے لیے مذاکرات ہوں گے۔

واضح رہے کہ ایران کا ایک اعلیٰ سطح کا مذاکراتی وفد ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کی قیادت میں پہنچ گیا ہے،ایرانی وفد کا پرتپاک استقبال فیلڈ مارشل عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی اور اسپیکر قومی اسمبلی نے کیا۔