پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ اسلام آباد ایران کے خلاف جاری ایک "غیر قانونی جنگ" کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا مرکز بن گیا ہے۔
اپنے بیان میں ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ یہ جنگ نہ صرف ایرانی قوم اور تہذیب کے خلاف صریح جرم ہے بلکہ اس نے خطے اور دنیا کے امن و سلامتی کو بھی خطرے میں ڈال دیا ہے۔
رضا امیری مقدم نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے ثالثی کی کوششیں اہم پیش رفت ہیں اور اب یہ دیکھنا باقی ہے کہ آیا امریکہ میزبان ملک پاکستان کی سفارتی کوششوں کا احترام کرتا ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ایرانی قوم کے خلاف جاری غیر قانونی جنگ کے خاتمے میں مدد کے لیے پاکستان کے "گڈ آفسز" کی میزبانی کر رہا ہے۔
ایرانی سفیر کے مطابق موجودہ صورتحال نہایت حساس ہے اور جنگ کے اثرات صرف خطے تک محدود نہیں بلکہ عالمی سلامتی کو بھی متاثر کر رہے ہیں، اس لیے سفارتی کوششوں کو کامیاب بنانا ضروری ہے۔