چین کی ایران کو دفاعی نظام کی فراہمی سے متعلق امریکی دعووں کی تردید

چین کی جانب سے بیان میڈیا پر گردش کرنے والے دعوؤں کے جواب میں آیا


ویب ڈیسک April 11, 2026

چین نے امریکی ایجنسیوں کی جانب سے کیے گئے اُن دعووں کی تردید کی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ چین ایران کو جدید دفاعی نظام فراہم کررہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چین نے ان دعوؤں کی تردید کی ہے کہ وہ ایران کو ہفتوں کے اندر نئے فضائی دفاعی نظام فراہم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ چین نے ایسی رپورٹس کو غلط قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔

سی این این کے مطابق واشنگٹن میں چینی سفارت خانے کے ترجمان نے کہا کہ بیجنگ نے جاری جنگ میں شامل کسی فریق کو ہتھیار فراہم نہیں کیے ہیں۔

چین کی جانب سے یہ بیان میڈیا پر گردش کرنے والے ان دعوؤں کے جواب میں آیا ہے کہ چین ایران کی فضائی دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانے کی تیاری کر رہا ہے، ایسا اقدام جس سے علاقائی کشیدگی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

چینی حکام نے اس بات پر زور دیا کہ ایسی رپورٹیں بے بنیاد ہیں، بیجنگ کی جانب سے کسی بھی فریق کو مسلح نہ کرنے کے موقف کا اعادہ کیا گیا۔