اسلام آباد:
ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ جنگ بندی مذاکرات کی میزبانی پورے پاکستان کیلیے قابل فخر لمحہ ہے۔
ایران امریکا جنگ بندی مذاکرات اور پیٹرولیم قیمتوں میں حالیہ کمی پر بیان دیتے ہوئے صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نےکہا کہ جنگ بندی مذاکرات کی میزبانی اسلام آباد اور پورے پاکستان کے لیے قابل فخر لمحہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پر دنیا کی نگاہیں مرکوز ہیں اور پاکستان کی موثر سفارتکاری کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی سے دنیا میں امن و استحکام کی نئی امید طلوع ہو رہی ہے۔ خطے میں امن و استحکام اور مشترکہ ترقی کے لیے پاکستان کی کاوشیں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یقین ہے کہ امریکا ایران مذاکرات کے نتیجے میں مستقل جنگ بندی اور وسیع تر امن پیدا ہوگا۔
صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے استحکام ضروری ہے ۔ بزنس کمیونٹی حکومتی سفارتی اقدامات کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی وزیراعظم کی جانب سے پیٹرولیم قیمتوں میں حالیہ کمی کا خیر مقدم کرتی ہے جبکہ عالمی منڈی میں پٹرولیم قیمتوں میں مزید کمی متوقع ہے جس سے معیشت پر مثبت اثرات پڑیں گے۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ماحول سازگار ہے ۔ سفارتی کامیابیوں کو معاشی کامیابی میں بدلنا ہو گا۔