پی ایس ایل میں سندھ ڈربی کی انٹری، آج کی فاتح ٹیم کو سندھ کا تاج تحفے میں دیا جائے گا

کراچی کنگز اور حیدرآباد کنگزمین کے درمیان دلچسپ مقابلہ جاری ہے


ویب ڈیسک April 11, 2026

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں پہلی بار ’سندھ ڈربی‘ کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں کراچی کنگز اور حیدرآباد کنگزمین کے درمیان دلچسپ مقابلہ جاری ہے۔ اس تاریخی ٹکراؤ کو لیگ میں ایک نئی روایت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جس نے شائقین کرکٹ کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی ہے۔

میچ جیتنے والی ٹیم کو خصوصی اعزاز کے طور پر ’سندھ کا تاج‘، سندھی ٹوپی اور اجرک پر مشتمل سووینئر پیش کیا جائے گا جو اس مقابلے کی ثقافتی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔

کارکردگی کے لحاظ سے کراچی کنگز اس وقت بہتر پوزیشن میں ہے کراچی کنگز نے اب تک چار میچز میں سے تین میں کامیابی حاصل کر کے 6 پوائنٹس حاصل کر رکھے ہیں۔ دوسری جانب حیدرآباد کنگزمین کو ابھی تک اپنی پہلی جیت کا انتظار ہے اور ٹیم آج کے میچ میں کامیابی کے لیے پرعزم دکھائی دے رہی ہے۔

حیدرآباد کنگزمین کی قیادت مارنوس لبوشین کر رہے ہیں جبکہ کراچی کنگز کی کپتانی ڈیوڈ وارنر کے پاس ہے۔ اس کے علاوہ حیدرآباد کنگزمین کو آج اہم تقویت اس وقت ملی جب عالمی شہرت یافتہ آل راؤنڈر گلین میکسویل بھی ٹیم کو دستیاب ہوگئے جو پی ایس ایل میں شرکت کے لیے آج ہی پاکستان پہنچے ہیں۔