راولپنڈی؛ پیٹرلیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد ٹرانسپورٹ کرایوں میں بڑی کمی

ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور تمام ٹرانسپورٹ یونینز میں کرائے کم کرنے پر اتفاق ہوا ہے، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی


عمران اصغر April 11, 2026
فوٹو: فائل

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد راولپنڈی ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے کرایوں میں بھی بڑی کمی کر دی۔

ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مطابق سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی سید اسد عباس نے ٹرانسپورٹرز سے اہم اجلاس کیا اور پبلک ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کردی گئی۔

بیان میں کہا گیا کہ ڈیزل پر چلنے والی گاڑیوں کے کرائے 15 فیصد کم کردیے گئے ہیں، پیٹرول گاڑیوں کے کرایوں میں 5 فیصد اور گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 26 فیصد تک کمی پر اتفاق ہوگیا ہے۔

ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے بتایا کہ ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور تمام ٹرانسپورٹ یونینز میں کرائے کم کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔

سیکریٹری ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ پبلک ٹرانسپورٹ اور گڈز ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی سے مہنگائی میں بھی کمی آئے گی۔

ضلع مری کی ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے کرائے میں کمی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا، جس کے مطابق مری سے راولپنڈی جنرل بس اسٹینڈ سے کرایہ 410سے کم کر کے 350 روپے مقرر کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق جنرل بس اسٹینڈ نیو مری سے کرایہ 120 سے کم کر کے 100روپے، باڑیاں تا راولپنڈی جنرل بس اسٹینڈ کرایہ 410 روپے سے کم کر کے 375روپے، اپر دیول مری سے راولپنڈی 485 روپے سے کم کر کے415 روپے اور کوٹلی ستیاں سے جنرل بس اسٹینڈ راولپنڈی تک 410 روپے سے کم کر کے 350 روپے نیا کرایہ مقرر کیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ٹرانسپورٹرز کو نیا کرایہ نامہ نمایاں کرکے آویزاں کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔